67

جنت کے راستے کی تلاش – مریم وزیر

تبصرہ کتاب :”یہی تو جنت کا راستہ ہے” (مختصر افسانوں کا مجموعہ)

بےشمار کہانیوں،ان گنت افسانوں اور ناولٹ کی مصنفہ قانتہ رابعہ نے ایسے ادب کی تخلیق کو اپنے مدنظر رکھا جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آۓ. 10 سال کی عمر سے شروع ہونے والے اس سفر کو ان گنت گھریلو ذمہ داریوں، کالج جاب کے ساتھ جاری رکھنا بہت بڑا کام ہے. آپ نے بچوں کے لیے بھی لکھا اور کم وبیش آدھے درجن رسالوں میں مستقل لکھ رہی ہیں. پاکیزہ ۔پکار ۔شعاع ۔خواتین ڈائجسٹ ۔کرن ۔بتول ۔عفت ۔خواتین میگزین اور خواتین کااسلام میں آپ کے افسانے تواتر سے شائع ہوتے ہیں. ان کے مختصر افسانوں کے مجموعے “یہی تو جنت کا راستہ ہے” کو پڑھتے ہوئے اس بات کا احساس جابجا رہا کہ انہوں نے اس میں معاشرے کے مختلف حقیقی کرداروں سے متعارف کروایا ہے . کہیں شادی کرنے کے درست پیمانے کی یاد دہانی کروائی گئی ہے، کہیں رزق کی قدر کا احساس جگانے کی کوشش کی گئی ہے. عورت زندگی میں کیا اہمیت رکھتی ہے اور اس کا کیا کردار ہو اس کا اظہار یہاں بکثرت ملتا ہے. اللہ کی نعمتوں کا احساس، اس کا شکر اس کی رضا میں راضی رہنے کا سبق دیا گیا ہے. اور کہیں مقصد حیات سے آگاہ کیا گیا ہے. جگمگاتی دنیا سے کتنا اور کس قدر لینا ہے؟ یہ سب ان کی تحریروں میں موجود ہے. کہانیوں کی صورت میں وہ ادب کاڑھا ہے، جسے “ادب برائے زندگی” کا نام دیا جائے تو وہ اس کا حق دار ہوگا. اس کتاب کے دیباچے میں خود ان ہی کا کہنا ہے کہ:” لکھنا میرا شوق رہا ہے نہ عادت.. اب یہ میرا مشن ہے، لکھنا میری آرزو ہے. خدا کا پیغام سطروں میں لکھ کر کس طرح اپنے رب کی مخلوق کو دوں، یہ سوچ میرے قلم کو رواں اور جذبے کو جواں رکھتی ہے.” افسانوں کے چھٹے مجموعے “یہی تو جنت کا راستہ ہے” میں کل 23 مختصر افسانے ہیں. ایک سے بڑھ کر ایک! سوچوں کے نئے در وا کردینے والے!کچھ افسانے اس قدر مختصر محسوس ہوئے کہ دل چاہا اس میں آگے بھی کچھ ہوتا، کچھ اور کہا جاتا. ہوسکتا ہے آگے کبھی ان پر مشتمل ناول پڑھنے کو ملیں. لیکن ایک اچھے لکھاری کی طرح سب کچھ انھوں نے اپنے قاری کو گھول کر نہیں دیا. البتہ ایک راستے ، راہ گزر کا نشاں ضرور دیا ہے. اب اس کو پڑھ کر اپنی راہ متعین کرنا قاری کے اپنے ہاتھ میں ہے. امید ہے جو جذبہ ان کی تحریروں سے قاری حاصل کرے گا ضرور معاشرے میں اس کے اثرات نظر آئیں گے. کتاب نوید حفیظ پرنٹرز، لاہور سے طبع کروائی گئی. لکھائی کے مناسب سائز، سادہ سفید کاغذ پر چھپی یہ کتاب دینے کے لیے، ایک بہترین تحفہ ثابت ہوسکتی ہے.

اس بلاگ پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں